نئی دہلی، 3؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی حکومت کے باغبانی محکمہ نے نیشنل گرین ٹریبونل کو مطلع کیا ہے کہ اس نے شمال مشرقی دہلی میں رہائشی کالونی میں 216درخت کاٹے جانے کے بدلے میں دو ہزار پودے لگائے ہیں۔باغبانی محکمہ نے گرین ٹریبونل کے سامنے دئیے گئے حلف نامہ میں کہا ہے کہ وہ ان پودوں کی ٹھیک طرح سے نگرانی کرے گا اور اگلے پانچ سالوں تک اس کی دیکھ بھال کرے گا۔اس پر این جی ٹی کے صدر جسٹس سوتنتر کمار کی قیادت والی بنچ نے اپنے اس فیصلہ کو واپس لے لیا جس میں محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر اور باغبانی محکمہ کے ڈائریکٹرپر فیصلہ پر عمل نہیں کرنے کے لیے 10-10ہزار روپے کا جرمانہ لگایا تھا۔بنچ نے کہا کہ باغبانی محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی طرف سے اسٹیٹس رپورٹ پیش کر دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2000پودے لگائے جا چکے ہیں اور 100پودے لگائے جانے کا عمل جاری ہے اور یہ اسی کالونی میں لگائے جا رہے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کی جانب سے ٹریبونل کی ہدایات پر عمل کئے جانے اور حلف نامہ دئیے جانے کے پیش نظر 5؍جولائی 2016کے فیصلہ کو واپس لیا جاتا ہے۔